10 ستمبر ، 2022
لاہور : وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب میں کالے تیتر، تیتر اور بٹیر کی ڈشز کے معاملے پر ذرائع نے بتایا ہےکہ ایوان وزیراعلیٰ کے لیےگروسری اور دیگر اشیا ہر سال ایسے ہی منگوائی جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ایوان وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایک ٹینڈر منظور کرنےکی خبر سامنے آئی تھی، یہ ٹینڈر ایوان وزیراعلیٰ میں طرح طرح کے کھانوں کے لیے مختلف کمپنیوں کو ٹھیکے دینے سے متعلق تھا، اطلاعات کے مطابق ان کھانوں میں تیتر اور بٹیر کے گوشت کے لیے بھی ایک کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع ایوان وزیر اعلیٰ کا کہنا ہےکہ غیر ملکی مہمانوں کی تیتر، بٹیر سے تواضع کے لیے سالانہ 1 لاکھ 64 ہزار روپے مختص ہیں، بیرون ملک سےآنے والے مہمانوں کی تواضع کے لیے پیپرا رولز کے مطابق ٹینڈر الاٹ کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ 150 سے 2 سو گرام وزن کےکالے تیترکی قیمت 5 سو روپے مختص کی گئی ہے، 50 کالے تیتروں کی قیمت 25 ہزار روپے مختص کی گئی ہے، 100 سے ڈیڑھ سو گرام کے فی تیتر کا ٹھیکہ 750 روپے میں دیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزیدکہنا ہےکہ فارمی تیترکی مد میں 75 ہزار روپے مختص کیےگئے ہیں، 160 روپے بٹیرکے حساب سے 400 بٹیرکے 64 ہزار روپے مختص کیےگئے ہیں۔
ذرائع ایوان وزیراعلیٰ نے مزید بتایا ہےکہ شہباز شریف کے دور حکومت میں بھی پنجاب کے بجٹ میں یہ سب کچھ موجود تھا۔