Time 27 ستمبر ، 2022
پاکستان

مفتاح اسماعیل اب کوئی اور سرکاری عہدہ قبول نہیں کرینگے

اب اسحاق ڈار کو تقریباً 7سال بعد دوبارہ ملک کا وزیر خزانہ بنایا جا رہا ہے/فوٹوفائل
اب اسحاق ڈار کو تقریباً 7سال بعد دوبارہ ملک کا وزیر خزانہ بنایا جا رہا ہے/فوٹوفائل

اسلام آباد: پاکستان کے سبکدوش ہونے والے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل وزارت سے فارغ ہونے کے بعد کوئی اور سرکاری عہدہ قبول نہیں کریں گے، اب اسحاق ڈار کو تقریباً 7سال بعد دوبارہ ملک کا وزیر خزانہ بنایا جا رہا ہے۔

ایوان بالا سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد خوش قسمتی سے وہ ایسے وقت اپنا منصب سنبھالیں گے جب عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتیں گر رہی ہیں، اس طرح انہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کم کرنے کے لیے مالی گنجائش مل جائے گی ۔

گزشتہ روز رابطہ کرنے پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وہ وطن واپس پہنچ کر وزارت خزانہ سے مستعفیٰ ہو جائیں گے، ان کی جگہ لینے والے وزیر خزانہ کو ڈالرز کے حصول کے لیے بین الاقوامی ڈونرز کی مدد حاصل کرنے کے سخت چیلنج کا سامنا ہو گا جو شرح مبادلہ کے استحکام کے لیے ضروری ہے ۔

اس وقت اسٹیٹ بینک کے تحت زرمبادلہ کے ذخائر زوال پذیر ہیں،حکومت کو اولین ڈالرز کی ترسیل کو یقینی بنانا ہو گا جس کی اسحاق ڈار صلاحیت رکھتے ہیں۔

 اب ڈالر ز2 روپے 37 پیسے کمی کے ساتھ 237 روپے کا ہو گیا ہے تاہم ان تمام معاملات کا ملک میں سیاسی استحکام سے گہرا تعلق ہے جس کا کوئی فوری امکان نظر نہیں آرہا ہے ۔

مزید خبریں :