30 ستمبر ، 2022
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صوبے کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں سینٹرل ریسکیو اسٹیشن میں منعقدہ تقریب میں صوبے کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کا افتتاح کیا،صوبے بھر کیلئے ایک ہزار350 اور ہر ضلع کیلئے 50 ریسکیو موٹربائیکس دی گئیں۔
تقریب سے خطاب میں پرویز الٰہی کا کہناتھاکہ موٹر بائیک کے ذریعے تنگ گلیوں اور دشوار راستوں تک بھی ایمرجنسی سروس ممکن ہوسکے گی،اس سروس کو قصبات اور چھوٹے شہروں تک توسیع دیں گے،سندھ میں لوگ رو رہےہیں، اب وہ ووٹ عمران خان کو ملیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نےکہا کہ ڈرامہ گیر شہباز شریف کو پنجاب میں ان کی حکومت آنے پر بہت صدمہ ہوا،وہ جھوٹا کیس کسی پر نہیں بناتے لیکن رانا ثناء اللہ پر ماڈل ٹاؤن کا سچا کیس بنائیں گے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مریضوں کو بَروقت اسپتال پہنچانے کیلئےسڑکوں پر ایکسٹرا ایمرجنسی سروس لائن بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے دور میں ریسکیو جیسا ایک بھی منصوبہ دکھا دیں تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے،یہ لوگ ہر بار بھیس بدل کر واپس آ جاتے ہیں، کوئی ڈالر بن کر آتا ہے اور جاتی دفعہ ڈالر لے کر چلا جاتا ہے۔