Time 18 اکتوبر ، 2022
پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتزاز احسن کیخلاف کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست نمٹادی

یہ عدالت کسی سے غیر ضروری وضاحت طلب نہیں کرے گی، ان غیر ضروری چیزوں کو اہمیت ہی نہیں دینی چاہیے: جسٹس اطہر من اللہ/ فائل فوٹو
یہ عدالت کسی سے غیر ضروری وضاحت طلب نہیں کرے گی، ان غیر ضروری چیزوں کو اہمیت ہی نہیں دینی چاہیے: جسٹس اطہر من اللہ/ فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتزاز احسن کے خلاف کیپٹن (ر) صفدر کی توہین عدالت کی درخواست نمٹادی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کے متنازع بیان پر کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست پر سماعت کی۔ 

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے عدلیہ اور اداروں کے خلاف بیان دیا جسے میڈیا اور سوشل میڈیا پر بہت کوریج ملی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک فیصلے پر تنقید کی گئی جس کا ابھی تفصیلی فیصلہ بھی نہیں آیا۔ 

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اگر پاکستان بار کونسل یا کسی بھی بار کو اس عدالت پر شک ہے تو بتائیں، کیا کسی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی غیر جانبداری پر کوئی شک ہے؟ اگر نہیں تو کسی کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر توجہ کیوں دیں؟ ہمارے فیصلے طے کریں گے کہ لوگوں کا اس عدالت پر کتنا اعتماد ہے؟

معزز جج نے کہا کہ  یہ عدالت کسی سے غیر ضروری وضاحت طلب نہیں کرے گی، ان غیر ضروری چیزوں کو اہمیت ہی نہیں دینی چاہیے، یہ عدالت اپنے فیصلوں سے جانی جاتی ہے۔

دورانِ سماعت کیپٹن صفدر نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ ہمیں آپ پر اور عدالتی نظام پر بڑا اعتماد ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ثابت کیا کہ وہ وقت کے فرعونوں کے خلاف فیصلہ دے سکتی ہے، مسئلہ صرف میرے کیس کا نہیں ہے بلکہ 40 سال عدالتوں میں کھڑے رہنے والے شخص نے بیان دیا۔

بعد ازاں عدالت نے اعتزاز احسن کے خلاف کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست  نمٹادی۔

مزید خبریں :