18 اکتوبر ، 2022
15 سال پرانے ایک اسمارٹ فون کو خریدنے کے لیے آپ کتنے پیسے خرچ کرنا پسند کریں گے خاص طور پر اگر وہ ایسی ڈیوائس ہو جس نے نئی تاریخ رقم کی تھی؟
ایک فرد نے اس کا جواب 39 ہزار ڈالرز (84 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں اوریجنل آئی فون کو خرید کر دیا۔
16 اکتوبر کو امریکا میں آئی فون فرسٹ ایڈیشن کا ایک فیکٹری سیل ماڈل 39 ہزار 339 ڈالرز میں نیلام ہوا۔
8 جی بی اسٹوریج والا یہ آئی فون 2007 میں 599 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا اور افراط زر کو مدنظر رکھا جائے تو موجودہ دور میں یہ قیمت 852 ڈالرز بنتی ہے۔
اس آئی فون کی نیلامی کا آغاز ڈھائی ہزار ڈالرز سے ہوا تھا۔
نیلامی کرنے والے ایل سی جی آکشن کے بانی مارک مونٹیرو نے بتایا کہ ہمیں توقع تھی کہ یہ 10 ہزار ڈالرز تک فروخت ہوجائے گا مگر یہ ہماری توقع سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوا۔
خیال رہے کہ اسٹیو جابز نے 2007 میں پہلے آئی فون کو متعارف کرایا تھا اور اس کے لاکھوں یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
ابھی جو فون نیلام ہوا وہ کبھی فروخت نہیں ہوا تھا جس میں 8 جی بی اسٹوریج کے ساتھ 2 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔
اس کے مقابلے میں نئے آئی فون 14 میں 128 جی بی اسٹوریج اور 12 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ ایک الٹرا وائیڈ لینس بھی دیا گیا ہے۔