Time 02 نومبر ، 2022
پاکستان

متنازع ٹوئٹ کیس: اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹوئٹ کیس میں ضمانت منسوخی کے لیے وفاقی حکومت کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق وفاق کی درخواست پر کل سماعت کریں گے، وفاق نے مدعی مقدمہ ایف آئی اے کے تکنیکی افسر انیس الرحمان کے ذریعے درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ اسپیشل جج سینٹرل نے اختیارات سے تجاوز کرکے اعظم سواتی کو ضمانت دی، اسپیشل جج سینٹرل نے پیکا 2016 کے علاوہ دیگر دفعات میں بھی ضمانت دے دی، اسپیشل جج سینٹرل کا فیصلہ غیر قانونی قرار دےکر ضمانت کا حکم واپس لیا جائے۔

اعظم سواتی کیس میں پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے ذریعے درخواست دائرکی گئی ہے، وفاقی حکومت نے درخواست میں سینیٹر اعظم سواتی کو فریق بنایا ہے۔

خیال رہےکہ اعظم سواتی کی دس روز قبل اسپیشل کورٹ سے ضمانت منظور ہوئی تھی۔

مزید خبریں :