08 نومبر ، 2022
سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران پاکستان اور نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل کا چرچا رہا۔
نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست کی سماعت کے دوران دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرنے کا کہا تو حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ کل ایک بجے کیس کی سماعت نہ رکھیں کیونکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ کا سیمی فائنل ہورہا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ مجھے تو اس بارے میں معلوم ہی نہیں تھا کیوں نا سیمی فائنل کی وجہ سے کل کیس کی سماعت نا رکھیں؟
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کیس پہلے ہی التوا کا شکار ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ خواجہ حارث کل کا دن چھوڑ دیں آپ بھی کرکٹ کے شیدائی ہیں ورنہ تو ہم میچ دیکھیں گے اور آپ دلائل دیتے رہیں گے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا بھی قومی معجزہ ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے باہر میچ کیلئے اسکرین لگوا دیتے ہیں کل کیس جلدی ختم کر لیں گے تا کہ تب تک میچ اچھے حالات میں چل رہا ہو، دعا ہے کل سیمی فائنل میں پاکستان جیت جائے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں کل پاکستان اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔