Time 13 نومبر ، 2022
پاکستان

لوگ کہہ رہے ہیں مارچ آہستہ جارہا ہے، مجھ پرحملےکے بعد آہستہ تو ہونا تھا: عمران خان

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن نہ کرانےکا ذمہ دار  نواز شریف کو قرار دے دیا، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ مارچ آہستہ آہستہ جا رہا ہے، ان پر حملے کے بعد اسے آہستہ ہونا ہی تھا ۔

کھاریاں میں لانگ مارچ کےشرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں، انہیں اپنی شکست نظر آ رہی ہے ، اس لیے وہ الیکشن نہیں کرانا چاہتے ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ خودکو بچانےکے لیے ملکی مفاد کو داؤ پر لگا رہے ہیں، مجھے معلوم تھا کہ معیشت ان سے نہیں سنبھلےگی ، یہ لوگ مجھے الزام دیتے تھےکہ میرے دور میں پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا، انہوں  نے 7 ماہ میں عالمی برادری سے کیا فائدہ لیا ؟

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قوم آج چیف جسٹس پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، چیف جسٹس ارشد شریف قتل کیس اور اعظم سواتی تشدد کیس کی تحقیقات کرائیں اور طاقت ور لوگوں کو قانون کے نیچے لے کر آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ مارچ صاف اور شفاف الیکشن کے لیے ہے، کئی لوگ کہہ رہے ہیں کہ مارچ آہستہ آہستہ جا رہا ہے، مجھ پر حملہ ہوا اس لیے تو مارچ آہستہ تو ہونا ہی تھا۔

کرکٹ ورلڈکپ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے بہت جان ماری ، آخری گیند تک کوشش کرتے رہے،شاہین آفریدی کو انجری ہوگئی، بدقسمتی سے اس وقت ہوئی جب بہت اہم مرحلہ تھا، ہمارا فاسٹ بولنگ اٹیک دنیا میں بہترین ہے،ہم دعا کرتے ہیں کہ شاہین آفریدی جلد ٹھیک ہوجائیں، بابراعظم ایک ورلڈکلاس بیٹر ہے، پاکستان کی ٹیم کا شمار دنیا کی ٹاپ ٹیموں میں ہوتاہے۔

مزید خبریں :