Time 14 نومبر ، 2022
پاکستان

ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کینیا میں قتل ہونے والے سینیئر پاکستانی صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔

کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پیش کی جائےگی۔

پمز  اسپتال ذرائع کے مطابق ارشد شریف کے جسم  پر 12 نشانات تھے، ارشد شریف کی بائیں آنکھ کےگرد سیاہ نشان تھا، گردن کے بائیں جانب زخم کا نشان تھا، سینے کے دائیں جانب بھی زخم کا نشان تھا، ان کی کمر کے اوپری حصے  پر بھی زخم کا نشان تھا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی کمر پر موجود زخم کےگرد سیاہ نشان تھا، ارشد شریف کے دائیں ہاتھ کے 4 ناخن موجود نہیں تھے، دائیں کلائی پر  رگڑ کا نشان بھی موجود تھا، کھوپڑی کے بائیں جانب کی ہڈی نہیں تھی، دماغ بائیں جانب سے حصہ متاثر ہوا  تھا، ان کی  تیسری پسلی میں فریکچر تھا اور دایاں پھیپھڑا متاثر تھا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ارشد شریف کے بائیں ہاتھ کی 2 انگلیوں کے ناخنوں میں خون جما ہوا تھا ، گولی لگنے سے ارشد شریف کا دماغ اور پھیپھڑا متاثر ہوا تھا، ارشد شریف کے بائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی پر بھی زخم تھا۔

پمز کے ذرائع کاکہنا ہےکہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ بنانے کے بعد انہیں کینیا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ملی،کینیا کی رپورٹ میں خون اور جگرکے نمونے لینےکا ذکر ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم میں ایکسرے اور سی ٹی اسکین رپورٹ کا اضافہ کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم کی اضافی تفصیلات پولیس اور اہلخانہ کو فراہم کردی گئی ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کےساتھ7 صفحات کی رپورٹ بھی شامل ہے۔


مزید خبریں :