Time 14 دسمبر ، 2022
کھیل

فائنل میرےکیرئیرکا آخری ورلڈکپ میچ ہوگا: میسی

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

فٹبال کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی نےکہا ہےکہ فیفا ورلڈکپ 2022 کا فائنل ان کے کیریئر کا  آخری ورلڈکپ میچ ہوگا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں 35 سالہ فٹبالر کا کہنا تھا کہ اتوار کو ہونے والا ورلڈکپ فائنل اُن کا اپنے ملک کی جانب سے آخری ورلڈکپ میچ ہوگا۔

خیال رہےکہ ارجنٹائن کےکپتان نےکوارٹرفائنل میں کروشیا کے خلاف فیفا ورلڈکپ کا اپنا پانچواں گول کیا اور باقی دوگولز میں مدد فراہم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اپنا پانچواں ورلڈکپ کھیلنے والے میسی اب تک فیفا ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔

میسی کا کہنا تھا کہ میں خوش ہوں کہ میگا ایونٹ میں میرا سفر فائنل میں ختم ہو رہا ہے، یہ میرے لیے اطمینان بخش بات ہے۔

مایہ ناز فٹبالر کا کہنا تھا کہ اگلے ورلڈ کپ میں چار سال کا عرصہ ہے اس لیے میرا نہیں خیال کہ میں آئندہ ورلڈکپ کھیل سکوں گا، ورلڈکپ کا اس طرح سے اختتام کرنا زبردست ہے۔

خیال رہےکہ لیونل میسی نے اپنے کیریئر میں ریکارڈ 7 مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ اور ایک مرتبہ فیفابیسٹ پلیئر ایوارڈ جیتا ہے۔

وہ 4 مرتبہ چیمپئنز لیگ ٹرافی سمیت 11 مختلف ٹائٹلز اور ایک مرتبہ کوپا امریکا کی ٹرافی بھی جیت چکے ہیں،لیکن ایوارڈز کے شیلف میں میسی ورلڈکپ ٹرافی سجانےکے منتظر ہیں۔

واضح رہےکہ ارجنٹائن فٹبال ورلڈکپ فائنل کے لیےکوالیفائی کرچکا ہے جب کہ فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ آج مراکش اور فرانس کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل میں ہوگا۔

مزید خبریں :