20 دسمبر ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لینے میں حیلہ بہانہ کریں توگورنرپنجاب نیا نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔
لاہور میں وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں رانا ثنااللہ، سعد رفیق، طارق بشیر، ملک احمد خان،گورنرپنجاب اور چوہدری سالک حسین شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے جس کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گورنر پنجاب نئے نوٹیفکیشن میں لکھ دیں گے کہ پرویز الہٰی اب وزیراعلیٰ نہیں رہے۔
ذرائع کے مطابق نیا نوٹی فکیشن جاری ہونے پرپرویز الہٰی نہ وزیراعلیٰ ہاؤس جاسکیں گے اور نہ ہی ان کے ساتھ وزیراعلیٰ کا پروٹوکول ہوگا۔
خیال رہے کہ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر پنجاب کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس بدھ شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے، مراسلے کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں گے۔