سشانت کے قتل کے دعوے کے بعد ریا چکرورتی کی انسٹا اسٹوری وائرل

ریا نے ایک انسٹاگرام پیج کے حوصلہ افزا الفاظ الفاظ شیئر کیے__فوٹو: فائل
ریا نے ایک انسٹاگرام پیج کے حوصلہ افزا الفاظ الفاظ شیئر کیے__فوٹو: فائل

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے حوالے سے مردہ خانہ کے ملازم کے قتل کا دعویٰ کیے جانے کے بعد ان کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی کی ذو معنی انسٹاگرام اسٹوری کے سوشل میڈیا پر چرچے ہیں۔

 14 جون 2020 کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

بعد ازاں سشانت کے گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچا تھا۔

اب اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ذو معنی پوسٹ شیئر کی، انہوں نے ایک انسٹاگرام پیج کے حوصلہ افزا الفاظ شیئر کیے جس میں لکھا تھا کہ 'اگر اگلی مرتبہ آپ کو اپنی طاقت پر شک ہو تو اتنا یاد رکھیں کہ آپ آگ سے گزر چکے ہیں، آپ طوفان سے بچ نکلے ہیں اور کئی دشمنوں پر فتح حاصل کی ہے'۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ساتھ ہی ریا نے 'گڈ مارننگ' لکھا اور دل والا ایموجی بنایا۔

واضح رہے کہ  جس اسپتال میں سشانت سنگھ راجپوت کی لاش رکھی گئی تھی اس کے مردہ خانے کا ایک ملازم سامنے آیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ممبئی کے کوپر اسپتال کے مردہ خانے میں کام کرنے والے روپ کمار شاہ نے کہا کہ ’جب میں نے سشانت سنگھ راجپوت کی لاش دیکھی مجھے یہ خود کشی کا معاملہ نہیں لگا۔‘

روپ کمار نے مزید بتایا کہ ’مجھے 28 سال سے زائد کا تجربہ ہے، سشانت کی باڈی میں زخموں کے نشانات تھے، میں اپنے سینیئر کے پاس گیا اور انہیں یہ سب بتایا لیکن انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے پر بعد میں بات کریں گے۔‘

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’میں 28 سال سے لاشیں دیکھ رہا ہوں، سشانت کے جسم پر ایسا کوئی نشان نہیں تھا جو عام طور پر پھندا لگاکر خودکشی کرنے والے کے جسم پر ہوتا ہے، اس کے جسم پر فریکچرز کے نشانات تھے، پوسٹ مارٹم میں کیا لکھنا ہے یہ تو ڈاکٹر کا کام ہے، سشانت کو انصاف ملنا چاہیے۔‘