29 دسمبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، ملاقات میں قومی اسمبلی کی نشستوں سے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے، سیاستدانوں میں رابطے رہنے چاہئیں۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا استعفوں کی تصدیق پر آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ ہو گا، استعفوں کے لیے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا پہلے بھی پی ٹی آئی ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے لیے مدعو کیا گیا تھا، پی ٹی آئی کےکراچی سے رکن اسمبلی نے استعفیٰ منظوری روکنے کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع پی ٹی آئی کا بتانا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک استعفوں پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات نہیں کرنا چاہتے، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے پارٹی قیادت کو وفد کے ساتھ پیش نہ ہونے کا پیغام آخری وقت میں بھجوایا۔
شاہ محمود قریشی کی غیر موجودگی میں اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے لیے پہنچے۔
یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی پارلیمنٹ میں واپسی کا عندیہ بھی دے چکے ہیں جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ پرویز خٹک استعفوں کے بجائے مستقبل میں انتخابات پر بات کے لیے وفد کا حصہ ہوں گے۔