29 دسمبر ، 2022
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات میں استعفے نہ دینے والے اراکین اور خفیہ رابطوں سے بات کرنے والے پی ٹی آئی اراکین سے متعلق بات سامنے رکھ دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسپیکر نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے حاضری کی بنیاد پر تنخواہ لینے کا دعویٰ بھی کیا، اسپیکر کے انکشافات کے بعد تحریک انصاف کا وفد ایک دوسرے کو دیکھنے لگا۔
اس حوالے سے اسد قیصر کا کہنا تھا ہم اس بارے میں عمران خان سے بات کرکے آپ کو بتائیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور پرویزخٹک کو لاہور بلا لیا، دونوں پارٹی رہنما عمران خان سے آج زمان پارک میں ملاقات کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو استعفوں پر واضح مؤقف کے لیے بلایا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کی آج استعفوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہونی تھی لیکن دونوں رہنما اسپیکر قومی اسمبلی سے ہونے والی ملاقات میں شریک نہ ہوئے، شاہ محمود قریشی کی غیر موجودگی میں اسد قیصر نے وفد کی قیادت کی۔
پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پارٹی کے اہم عہدیداروں سے آج استعفوں پر مشاورت کریں گے۔