05 جنوری ، 2023
گردہ فروش گروہ نےلاہور کے علاقے مناواں سے لڑکےکو اغوا کرکے راولپنڈی کے نجی اسپتال میں اس کا گردہ نکال لیا۔
14 سالہ عبداللہ کو 8 دسمبر کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کیا، 19 دسمبر کو پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کیا۔
پولیس کو ابتدائی بیان میں عبداللہ نے بتایا کہ اسے بےہوشی کی دوا پلا کر راولپنڈی لے جایا گیا اور نجی اسپتال میں اس کا گردہ نکالا گیا،اسے17دن راولپنڈی میں ایک گھر میں رکھا گیا، اس دوران ایک نرس روزانہ ادویات دیتی اور ٹیسٹ کے لیے بلڈ سیمپل لیتی تھی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کے 6 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے متاثرہ لڑکے پرہی گردہ فروخت کرنےکا الزام عائدکیا ہے، ڈاکٹروں سمیت گردو فروش گروہ کے مرکزی ملزمان فرار ہیں ، زیر حراست 6 سہولت کاروں کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
دوسری طرف ڈی جی پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے مقدمے میں فریق بننے کے لیے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کو خط لکھ دیا ہے، خط میں کہا گیا ہےکہ اتھارٹی کے فریق بننے سے مقدمہ مضبوط ہوگا اور ملزمان کو زیادہ سزا ملےگی۔
متاثرہ لڑکا گنگا رام اسپتال لاہور میں زیر علاج ہے، اس کے والدکا کہنا ہےکہ وہ محنت مزدوری کرتا ہے، حکومت ملزمان کو انجام تک پہنچائے۔