01 فروری ، 2023
کیا آپ کی صحت اچھی ہے؟ اس کے بارے میں جاننا چند سیکنڈ میں ممکن ہے۔
بس کم از کم 10 سیکنڈ یا اس سے زیادہ وقت تک بغیر کسی سہارے کے ایک ٹانگ پر کھڑے رہنے سے اچھی صحت کا عندیہ ملتا ہے جبکہ جسمانی فٹنس بھی ظاہر ہوتی ہے۔
ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے کو زیادہ جسمانی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گرنے کے خطرے میں کمی سے منسک کیا جاتا ہے۔
ایک ٹانگ پر 10 سیکنڈ سے کم وقت تک کھڑے رہنے میں ناکامی سے عندیہ ملتا ہے کہ دماغ کی چھوٹی شریانوں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔
اسی طرح یہ ناکامی جسمانی توازن میں خرابی کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔
جون 2022 کی ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ کو ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے تو یہ محض جسمانی فٹنس میں کمی نہیں بلکہ کسی سنگین طبی مسئلے کی ایک نشانی بھی ہوسکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق اگر درمیانی عمر کے افراد ایک ٹانگ پر 10 سیکنڈ تک توازن برقرار نہ رکھ سکیں تو اگلے 10 برسوں میں کسی بھی بیماری سے موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں لگ بھگ دگنا زیادہ ہوتا ہے۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسین میں شائع تحقیق میں 51 سے 75 سال کی عمر کے 1702 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی صحت کا جائزہ 2008 سے 2020 تک لیا گیا۔
اس موقع پر ہر 5 میں سے ایک فرد (21 فیصد) ٹیسٹ میں ناکام رہا، آئندہ 10 برسوں میں اس گروپ کے 123 افراد مختلف وجوہات کے باعث انتقال کرگئے۔
تمام تر عناصر (عمر، جنس اور پہلے سے کسی بیماری سے متاثر ہونا وغیرہ) کو مدنظر رکھنے کے بعد محققین نے دریافت کیا کہ ایک ٹانگ پر 10 سیکنڈ تک کھڑے رہنے میں ناکامی سے آئندہ چند برسوں میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 84 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اسی طرح 2014 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ایک ٹانگ پر کم از کم 20 سیکنڈ تک کھڑے رہنے میں ناکامی سے فالج کا خطرہ ظاہر ہوتا ہے۔
جرنل اسٹروک میں شائع تحقیق کے مطابق ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے میں ناکامی سے عندیہ ملتا ہے کہ کسی فرد کی دماغی شریانوں کو نقصان پہنچا ہے اور فالج کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو لوگ بیس سیکنڈ تک بھی ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں وہ دماغ کی چھوٹی شریانوں کے مرض ایس وی ڈی کا شکار ہوتے ہیں چاہے اس کی علامات ظاہر نہ ہو رہی ہوں۔
ایس وی ڈی فالج، ڈیمینشیا اور پارکنسن جیسے دماغی امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے جبکہ اس جسمانی توازن کے ٹیسٹ سے یہ بھی علم ہوجاتا ہے کہ دماغی طور پر اس شخص کارکردگی اچھی نہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ یہ مرض دماغ تک شریان کے بلاک ہونے کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھا دیتا ہے جس کا نتیجہ فالج کی شکل میں نکلتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جسمانی طور پر ہم جتنا زیادہ متحرک ہوں گے، جسمانی توازن اتنا بہتر ہوگا۔
جسمانی سرگرمیوں سے جسم اور ذہن دونوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
آپ کسی بھی عمر میں ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے کی صلاحیت اور توازن کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
اگر کسی ذہنی بیماری کا سامنا ہو تو یہ کافی مشکل چیلنج ہوگا مگر تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ ورزشوں سے جسمانی توازن بہتر ہوتا ہے۔
آنکھیں بند کرکے ایک ٹانگ پر کھڑے ہونا زیادہ مشکل ہوتا ہے مگر اس کی مشق کرنے سے طویل المعیاد بنیادوں پر جسمانی توازن کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔