09 فروری ، 2023
انزائٹی ایک ایسی طبی اصطلاح ہے جو اس وقت استعمال کی جاتی ہے جب کوئی فرد مختلف چیزوں کی وجہ سے گھبراہٹ، تناؤ یا اضطراب کا شکار ہو جاتا ہے۔
دنیا میں ہر فرد کو ہی زندگی میں کبھی نا کبھی انزائٹی کا تجربہ ہوتا ہے مگر کچھ افراد کو اس کا بہت زیادہ سامنا ہوتا ہے یعنی وہ ہر وقت پریشان، فکرمند یا گھبراہٹ کے شکار رہتے ہیں یا اپنی زندگی میں انہیں مثبت جذبات محسوس نہیں ہوتے۔
درحقیقت موجودہ عہد میں انزائٹی امراض بہت زیادہ عام ہوتے جا رہے ہیں۔
ایسے افراد کو ایک عارضے جنرلائزڈ انزائٹی ڈس آرڈر (جی اے ڈی) کا سامنا ہوتا ہے جس کے باعث وہ زندگی کے ہر معاملے پر بہت زیادہ فکرمند رہنے لگتے ہیں۔
اس عارضے کے شکار افراد کے لیے پریشانی سے بچنا بہت مشکل ہوتا ہے اور کسی بھی وجہ سے وہ گھبراہٹ کے شکار ہو جاتے ہیں۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ انزائٹی کے مسئلے کا سامنا ہر فرد کو ہوسکتا ہے اور اسی وجہ سے اس عارضے کی علامات کو جاننا فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس سے علاج میں مدد ملتی ہے۔
انزائٹی کی چند عام علامات درج ذیل ہیں۔
انزائٹی کی سب سے عام علامت ایسی چیزوں سے خوف محسوس ہونا ہے جو عام زندگی میں مضحکہ خیز محسوس ہوتی ہیں۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق انزائٹی ڈس آرڈر سے دماغ میں خوف سے متعلق ردعمل بہت آسانی سے متحرک ہونے لگتا ہے جبکہ اس کی شدت بہت زیادہ ہوتی ہے۔
انزائٹی کی ایک اور عام علامت توجہ مرکوز کرنے میں مشکل محسوس ہونا ہے۔
ایسے افراد جس چیز سے خوفزدہ ہوتے ہیں، اس پر اتنی زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہیں کہ ان کے لیے اپنے کام یا دیگر افراد پر توجہ مرکوز کرنا ممکن ہی نہیں رہتا۔
ایسے مریضوں کو ذہن خالی ہونے کا احساس بھی ہوتا ہے اور کچھ بھی سوچنا ناممکن لگتا ہے۔
انزائٹی کے مریض اگر فکر مند ہوں تو انہیں گھبراہٹ بھی محسوس ہوتی ہے اور کپکپی طاری ہو جاتی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ انزائٹی کے نتیجے میں مسلز میں کھچاؤ بڑھتا ہے اور جسم میں ایک ہارمون adrenaline خارج ہوتا ہے جس کے باعث گھبراہٹ یا ہیجان محسوس ہوتا ہے اور مسلز پھڑکنے لگتے ہیں۔
مسلسل گھبراہٹ اور اعصاب زدہ رہنے کے نتیجے میں مزاج پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور لوگ چڑچڑے ہو جاتے ہیں۔
چڑچڑا پن بھی اس بیماری کی ایک عام علامت ہے، خاص طور پر انزائٹی کو بدترین بنانے والے حالات میں اس کا سامنا زیادہ ہوتا ہے۔
انزائٹی کے شکار بیشتر افراد کو بے خوابی سمیت نیند کے دیگر مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
مسلسل فکرمند رہنے اور جسم میں adrenaline کے اخراج کے باعث سونا لگ بھگ ناممکن ہو جاتا ہے۔
انزائٹی کے شکار کچھ مریضوں کو نیند کے دوران ڈراؤنے خواب بھی نظر آتے ہیں۔
نیند کے ان مسائل سے تھکاوٹ طاری ہوتی ہے اور معیار زندگی متاثر ہوتا ہے۔
بہت جلد تھکاوٹ کے شکار ہونا بھی انزائٹی کی ایک عام علامت ہے۔
انزائٹی کے شکار اکثر افراد کو لگ بھگ ہر وقت تھکاوٹ کا احساس ہوتا ہے۔
انزائٹی کے شکار اکثر افراد کو سر درد، کمر درد اور پیٹ درد جیسی جسمانی علامات کا سامنا بھی ہوتا ہے۔
اگر آپ کو اوپر درج علامات کے ساتھ ساتھ ان جسمانی تکالیف کا سامنا بھی ہو تو یہ انزائٹی کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔