10 فروری ، 2023
چائے کو پاکستان بھر میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور مانا جاتا ہے کہ یہ صحت کے لیے اچھا مشروب ہے۔
مگر کیا یہ گرم مشروب واقعی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے؟ یہ سوال بیشتر افراد سوچتے ہیں۔
چائے کی متعدد اقسام ہیں اور ہر فرد کی اپنی پسند ہوسکتی ہے، جیسے کچھ سبز چائے پینا پسند کرتے ہیں، کچھ سیاہ چائے اور کچھ چائے میں دودھ شامل کرتے ہیں۔
عموماً چائے میں کیفین کی مقدار کافی کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے، البتہ سیاہ یا سبز چائے میں یہ مقدار دودھ والی چائے کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔
ایک کپ چائے میں فلیونوئڈز، پولی فینولز، پوٹاشیم، فاسفورس، میگنیشم، کاپر، زنک، کیلشیئم اور فلورائیڈ جیسے اجزا اور منرلز شامل ہوتے ہیں۔
تو اب اس سوال کے جواب کی جانب آتے ہیں کہ یہ گرم مشروب صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے یا نہیں۔
اس کا جواب ہے کہ چائے پینے کی عادت مجموعی صحت کے لیے اچھی ہوتی ہے کیونکہ اس میں شامل اجزا اور منرلز ہمارے جسم کے لیے اہم ثابت ہوتے ہیں۔
ویسے تو صرف چائے پینے سے کسی بیماری سے بچنا یا علاج ممکن نہیں، مگر اسے پینے کی عادت صحت کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔
چائے کے چند اہم طبی فوائد درج ذیل ہیں۔
چائے بالخصوص دودھ کے بغیر چائے پینے سے جسم میں ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس پہنچتے ہیں جو بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ کم از کم 4 کپ چائے پینے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ 4 یا اس سے زیادہ کپ چائے پینے سے آنے والے 10 برسوں میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ 17 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق چائے کا یہ فائدہ اس وقت بڑھ جاتا ہے جب لوگ چائے میں دودھ کا اضافہ کردیں۔
سبز اور سیاہ چائے میں پولی فینولز نامی اہم غذائی اجزا ہوتے ہیں جو خلیات کے افعال کو درست رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، جس سے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
دن کے اختتام پر چائے پینے سے جسم کو پرسکون ہونے میں مدد ملتی ہے جس سے اچھی نیند ممکن ہو جاتی ہے۔
کچھ تحقیقی رپورٹس کے مطابق چائے میں موجود کیفین سے مختلف کام کرتے ہوئے توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ستمبر 2022 میں جرنل اینالز آف انٹرنل میڈیسین میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ سیاہ چائے پینے کی عادت کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ کم کرتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے پینے کی عادت سے امراض قلب اور فالج سے موت کے خطرے میں کمی آتی ہے۔
محققین کے مطابق ویسے تو دودھ والی چائے سے بھی فائدہ ہوتا ہے مگر وہ سیاہ چائے جتنا زیادہ نہیں ہوتا۔
چائے کو بنانے سے ہی لوگوں کے ذہن کو سکون ملتا ہے اور اس مشروب کو پینے سے بھی تناؤ میں کمی آتی ہے۔