21 فروری ، 2023
خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس میں ہونے والی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پولیس کی دستیاب افرادی قوت عام انتخابات کی سکیورٹی کیلئے ناکافی ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی، سیکرٹری داخلہ اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں عام انتخابات کے تناظر میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کو سکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلی دفعہ صوبے کے ضم اضلاع اور بندوبستی اضلاع میں عام انتخابات بیک وقت ہوں گے، موجودہ صورتحال میں پولیس کی دستیاب افرادی قوت عام انتخابات کی سکیورٹی کیلئے ناکافی ہے۔
بریفنگ میں کہا گیاکہ صوبائی حکومت کو ضم اضلاع اور بندوبستی اضلاع میں بیک وقت انتخابات کی سکیورٹی کیلئے 56000 سے زائد اضافی نفری درکار ہے، انتخابی مہم کے دوران اہم سیاسی قائدین کی سکیورٹی کیلئے فرنٹئیر کور کی 1500 نفری درکار ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگر درکار اضافی نفری فراہم کی جائے تو صوبائی حکومت عام انتخابات کیلئے سکیورٹی فراہم کرنے کے قابل ہوجائے گی۔
وزیر اعلیٰ متعلقہ حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ اور سفارشات کی روشنی میں گورنر خیبر پختونخوا کو صورتحال سے تحریری طور پر آگاہ کریں گے۔