23 فروری ، 2023
اسلام آباد: صدر عارف علوی کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنےکے معاملے پر الیکشن کمیشن کا آج ہونے والا اجلاس سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن صدر کے احکامات پر اب خود فیصلہ نہیں کرے گا، الیکشن کمیشن صدارتی احکامات پر اپنا موقف سپریم کورٹ میں پیش کرےگا۔
خیال رہےکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے لیے 9 اپریل کی تاریخ دے رکھی ہے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے اٹارنی جنرل اور آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت کی تھی اور ان سے تحریری رائے ملنے پر آج کے اجلاس میں صدر کے اعلان کے حوالے سے فیصلہ کرنا تھا تاہم انتخابات کی تاریخ میں تاخیر کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے بعد الیکشن کمیشن نے اجلاس منسوخ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر از خود نوٹس لیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے جو کہ آج کیس کی سماعت کرےگا۔
سپریم کورٹ نے از خود نوٹس میں تین سوالات اٹھائے ہیں، پہلا سوال ہےکہ اسمبلی تحلیل ہونے پر الیکشن کی تاریخ دینا کس کی ذمہ داری ہے؟ دوسرا سوال ہےکہ انتخابات کی تاریخ دینےکا آئینی اختیارکب اورکیسے استعمال کرنا ہے؟ تیسرا سوال یہ ہےکہ عام انتخابات کے حوالے سے وفاق اور صوبوں کی ذمہ داری کیا ہے؟