پاکستان

این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری

ووٹنگ کیلئے حلقے میں 237 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل
ووٹنگ کیلئے حلقے میں 237 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز اپنے وقت پر صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔

پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن 103 محمد پور ہائی اسکول میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے حامی آپس میں لڑپڑے، ایک دوسرے پر ہاتھوں اور مکوں سے حملہ کر دیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو  پایا۔

 مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری نے پولیس پر مسلم لیگ ن کے ووٹرز کو  ووٹ کاسٹ کرنے سے روکنے اور سرکاری گاڑیوں پر ووٹرز کو لےکر اپنی پسندکا ووٹ کاسٹ کروانےکا الزام عائدکیا۔

مسلم لیگ ن کی جانب  سے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دائر کردی گئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کے لیے 237 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار204 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 495 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار 709 ہے۔

الیکشن میں  ن لیگ کے عمار  اویس لغاری، پیپلزپارٹی کے اختر حسن گور چانی اور  پی ٹی آئی کے محسن لغاری سمیت 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔

حساس پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید آلات سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ممکنہ ناخوشگوار  واقعے سے نمٹنےکے لیے پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز  اور فوج کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی یا انتخابی عمل میں خلل ڈالنے  پر سختی سے نمٹا جائےگا۔

خیال رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔

مزید خبریں :