07 مارچ ، 2023
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر بحالی کیس میں فریق بننے کیلئے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں الیکشن کمیشن نے مؤقف اپنایا ہے کہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا ایک مخصوص سیاسی جماعت کی طرف جھکاؤ ہے، سمجھ سے باہر ہے کہ متعلقہ افسر کو اپنی پسند کی جگہ پر مخصوص پوسٹنگ کیوں دی جارہی ہے؟
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کے وقت متعلقہ افسر محکمہ کے انچارج ہوئے تو وہ اپنی آئینی ذمہ داری نبھا نہیں سکیں گے، ایک افسراپنی پسند کی پوسٹنگ کے حق کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو کیس میں فریق بننے کی اجازت دی جائے اور انصاف کے مفاد میں اس کا مؤقف سنا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نقطہ نظر ہے کہ متعصب افسران کی تبدیلی کے بغیر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن صاف شفاف ہوں اور کرپٹ پریکٹس کو روکا جائے۔ یہ ضروری ہے کہ الیکشن عمل میں معاونت کرنے والی مشنری غیر جانبدار ہو جس کی کسی سیاسی جماعت سے وابستگی نہ ہو۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ یقین کرنے کی وجہ موجود کہ اگر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے وقت متعلقہ افسر محکمہ کے انچارج ہوئے تو وہ اپنی آئینی ذمہ داری نبھا نہیں سکیں گے۔