حکومت عمران کو پکڑے یا بتائے کونسی قوتیں روک رہی ہیں: جاوید لطیف کا اپنی حکومت سے سوال

عمران خان کو عدالتوں میں پیش ہوئے بغیرمنٹوں میں عبوری ضمانتیں مل جاتی ہیں لیکن نواز شریف کو واپسی کی اجازت تک نہیں مل رہی: رہنما (ن) لیگ/ فائل فوٹو
عمران خان کو عدالتوں میں پیش ہوئے بغیرمنٹوں میں عبوری ضمانتیں مل جاتی ہیں لیکن نواز شریف کو واپسی کی اجازت تک نہیں مل رہی: رہنما (ن) لیگ/ فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے اپنی ہی حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عمران خان کو پکڑے یا بتائےکہ کون سی اندرونی اور بیرونی قوتیں روک رہی ہیں، حکومت نے سہولت کاروں کے نام نہ لیے تو قوم کا غصہ بڑھ جائے گا۔

ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کو عدالتوں میں پیش ہوئے بغیرمنٹوں میں عبوری ضمانتیں مل جاتی ہیں لیکن نواز شریف کو واپسی کی اجازت تک نہیں مل رہی، بتایا جائے کہ پاکستان کے اندر اورباہر سے کون سی قوتیں عمران خان کو تحفظ دینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش پر 8 ماہ سے سول نافرمانی ہو رہی ہے، انہیں اداروں سے ریلیف مل رہا ہے، دوبارہ 2018  والی فلم چل رہی ہے، نوازشریف کو 3 بار کرسی سے ہٹایا گیا، انہیں زہر تک دیا گیامگر کسی نے مسلح جدوجہد نہیں کی۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہا کہ حکومت عمران خان کو پکڑے یا بتائےکہ کون سی اندرونی اور بیرونی قوتیں روک رہی ہیں، حکومت نے سہولت کاروں کے نام نہ لیے تو قوم کا غصہ بڑھ جائے گا۔

لیگی رہنما نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سابق چیف جسٹس کی آڈیو سن کر پاکستانیوں کو شرم آتی ہے جو ایسی گفتگو کرے اسے گرفتار کیا جانا چاہیے، جس طرح عمران خان کے حملوں کے باوجود انہیں ریلیف مل رہا ہے، ایسے تو پھر کچے کے علاقےکے ڈاکوؤں اور دیگر مجرموں کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔

مزید خبریں :