عمران خان لاہور ہائیکورٹ پیش: دہشتگردی دفعات کے تحت 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان  اسلام آباد کے دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوگئے۔

جسٹس شہباز  رضوی اور جسٹس فاروق حیدر نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت پر درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے عمران خان کی پیر (27 مارچ) تک انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظورکرلی۔

عمران خان کے اسکین دستخط کے معاملے پر وکیل نے بتایا کہ  درخواست پر دستخط عمران خان کے ہیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست پر عمران خان کے دستخط ابھی کروالیں جس پر عمران خان نے عدالت میں درخواست پر دستخط کیے۔

خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کے 2 مقدمات( تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ) میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی، عدالت نے انہیں آج سوا 2 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا، عدالت نے قرار دیا تھا کہ حفاظتی ضمانت چاہیے تو عدالت میں مقررہ وقت پر موجود ہوں۔

عدالت نے عمران خان کے دستخط اسکین شدہ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے ان کے وکیل کو تصدیق کی ہدایت کی تھی۔

 آج عمران خان زمان پارک سے اسپیشل اسکواڈ کے ساتھ روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کے ساتھ زیادہ کارکن نہیں تھے جب کہ پولیس کی نارمل سکیورٹی انہیں حاصل تھی اور وہ سگنل پر رکتے ہوئے ہائی کورٹ پہنچے۔

مزید خبریں :