27 مارچ ، 2023
کافی دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے مشروبات میں سے ایک ہے اور اسے صحت کے لیے مفید بھی سمجھا جاتا ہے۔
مگر ایک نئی تحقیق میں کافی پینے کی عادت سے صحت پر مرتب ہونے والے منفی اور مثبت اثرات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ ایک کپ کافی پینے سے لوگ جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں اور وہ دن بھر میں ایک ہزار زیادہ قدم چلتے ہیں۔
جسمانی سرگرمیوں میں اضافے سے صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مگر تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ دن بھر میں صرف ایک کپ کافی پینے سے لوگوں کی رات کی نیند کے دورانیے میں 36 منٹ کی کمی آتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ کافی کی مقدار بڑھنے سے نیند کا دورانیہ بھی کم ہو جاتا ہے۔
نیند کی کمی سے صحت پر مختلف منفی اثرات جیسے امراض قلب، جسمانی وزن میں اضافے اور ذیابیطس کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ کافی پینے سے دل کی دھڑکن بے ترتیب نہیں ہوتی اور اس حوالے سے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔
تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ کافی کے صحت پر مرتب اثرات کافی پیچیدہ ہیں، ایک طرف تو کافی کے استعمال سے کئی دائمی امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے، دوسری جانب اس سے نیند متاثر ہوسکتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ کافی کا استعمال عموماً محفوظ ہوتا ہے مگر لوگوں کو اس کے جسمانی اثرات سے آگاہ ہونا چاہیے۔
اس تحقیق میں 100 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا تھا اور 14 دن تک ان کے دل کی دھڑکن اور صحت کے دیگر پہلوؤں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ہر فرد کے لیے کافی کی مخصوص مقدار طے کی گئی تھی، 2 دن انہیں کافی پینے کی اجازت ہوتی جبکہ اس کے بعد 2 دن تک اس سے دور رہنا پڑتا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ کافی پینے سے نیند پر واضح طور پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
البتہ اس گرم مشروب کو پینے سے جسمانی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے اور لوگ زیادہ چلنے لگتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ یہ واضح نہیں کافی پینے سے لوگ زیادہ کیوں چلنے لگتے ہیں، شاید اس مشروب سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہو جاتا ہے، مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔