Time 29 مارچ ، 2023
پاکستان

پختونخوا کے تدریسی اسپتال مالی بحران کا شکار، منظور شدہ فنڈز بھی جاری نہ ہوسکے

ملازمین کی تنخواہیں بمشکل ادا کی جا رہی ہیں: ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال— فوٹو:فائل
ملازمین کی تنخواہیں بمشکل ادا کی جا رہی ہیں: ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال— فوٹو:فائل

خیبرپختونخوا کے تدریسی اسپتالوں کو مالی بحران کا سامنا ہے  اور 6 ارب روپے سے زائد درکار فنڈز بدستور تاخیر کا شکار ہیں۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے حکام کے مطابق صوبے کے اسپتال شدید مالی بحران سے دوچار ہیں، لیڈی ریڈنگ اسپتال سمیت تمام تدریسی اسپتالوں کو فنڈزکی کمی کا سامنا ہے، اسپتالوں کے دیگر منصوبوں کے فنڈز پر کٹ لگا ہوا ہے۔

محکمہ صحت حکام نے بتایا کہ محکمہ خزانہ کو بھی شدید مالی مشکلات درپیش ہیں، محکمہ خزانہ سے تدریسی اسپتالوں کے لیے 6 ارب روپے فراہم کرنے کی درخواست کی ہے اور امید ہے بہت جلد اسپتالوں کے لیے فنڈز دستیاب ہوں گے۔

دوسری جانب لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا کے سب سے بڑے اسپتال لیڈی ریڈنگ کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور منظوری کے باوجود 2 ارب روپے سے زائد کے فنڈز ابھی تک نہیں ملے جس کے باعث لیڈی ریڈنگ اسپتال میں جاری منصوبے رک گئے ہیں۔

ترجمان اسپتال کے مطابق ملازمین کی تنخواہیں بمشکل ادا کی جا رہی ہیں، ایل آر ایچ کے پاس کوئی اضافی فنڈز نہیں، تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی مشکلات ہیں۔

مزید خبریں :