Time 09 اپریل ، 2023
صحت و سائنس

آنکھ کے اندر کوئی چیز چلے جانے کے بعد اسے باہر کیسے نکالیں؟

اس کا سامنا اکثر افراد کو ہوتا ہے / فائل فوٹو
اس کا سامنا اکثر افراد کو ہوتا ہے / فائل فوٹو

ہر فرد کو ہی اس کا تجربہ ہوتا ہے یعنی باہر گھومتے ہوئے، گھر میں کام کرتے ہوئے یا کوئی کام کرتے ہوئے اچانک محسوس ہوتا ہے جیسے آنکھ میں کوئی چیز چبھ رہی ہے۔

یہ احساس ہونے پر آنکھیں بند ہونے لگتی ہیں اور آنسو بھی بہہ سکتے ہیں، کچھ تو آنکھیں مسلنے لگتے ہیں۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ آنکھ میں کچھ چلے جانے کے بعد اسے باہر نکالنا اتنا مشکل نہیں ہوتا مگر چند چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

سب سے پہلے تو یہ تعین کرنا چاہیے کہ واقعی کوئی چیز آنکھ میں چلی گئی ہے یا نہیں۔

کئی بار آنکھیں خشک ہونے یا پلکوں کے ورم سے بھی یہ احساس ہوتا ہے جیسے آنکھ میں کچھ چلا گیا ہے۔

آنکھیں خشک ہونے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آنکھوں کی نمی گھٹ گئی ہے جس سے کسی چیز کے آنکھ میں چلے جانے کا احساس ہوتا ہے۔

آنکھیں خشک ہونے یا پلکوں کے ورم کی صورت میں خارش یا پانی کا اخراج نہیں ہوتا۔

کسی چیز کو باہر کیسے نکالیں؟

ماہرین کے مطابق آنکھوں میں داخل ہونے والے بیشتر ذرات قدرتی طور پر  بار بار پلکیں جھپکنے سے باہر نکل جاتے ہیں۔

بار بار پلکیں جھپکانے سے آنسو بنتے ہیں جو خارش کا باعث بننے والے باہری ذرات کو باہر نکال دیتے ہیں۔

اگر پلکیں جھپکانے سے مسئلہ حل نہ ہو تو اگلا قدم آنکھوں کو دھونا ہے۔

اس مقصد کے لیے آنکھوں کے لیے استعمال ہونے والے سلوشن یا صاف نیم گرم پانی کی مدد لی جاسکتی ہے۔

اس مقصد کے لیے پہلے ہاتھوں کو دھو لیں اور پھر پانی سے بھرے گلاس کو آنکھوں کے نیچے رکھ کر انہیں آہستگی سے پانی میں گھمائیں، ایسا کرنے سے آنکھوں کی سطح کی صفائی ہو جاتی ہے۔

اگر گلاس سے آنکھوں کی صفائی مشکل محسوس ہوتی ہے تو شاور کے نیچے کھڑے ہوکر پانی کو پیشانی کے راستے متاثرہ آنکھ میں جانے دیں۔

اگر کوئی چیز چلی جائے تو لوگوں میں آنکھیں مسلنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے مگر ایسا کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے وہ چیز قرنیے میں داخل ہوسکتی ہے۔

اگر آنکھوں کی خارش یا تکلیف چیز نکلنے کے بعد بھی برقرار رہے یا شبہ ہو کہ وہ چیز اب بھی آنکھ میں موجود ہے تو پھر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :