26 اپریل ، 2023
سونف کا استعمال تو لگ بھگ ہر گھر میں ہی ہوتا ہے۔
صدیوں سے سونف کو مختلف طبی مسائل سے بچنے کے لیے کھایا جاتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ سونف سے بنی چائے بھی صحت کے لیے مفید ہوتی ہے؟
اس مشروب کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔
سونف کی چائے اینٹی وائرل خصوصیات سے لیس ہوتی ہے۔
متعدد تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ موسمی نزلہ زکام سے متاثر ہونے پر اس چائے کو پینے سے جسم کو مدافعتی نظام پر حملہ آور جراثیموں سے لڑنے میں مدد ملتی ہے۔
طویل دن کے اختتام پر گرم چائے کا کپ جسم کو سکون پہنچاتا ہے اور اس میں سونف کا اضافہ اسے صحت کے لیے زیادہ مفید بنا دیتا ہے۔
سونف سے مسلز پرسکون ہوتے ہیں اور اسے پینے کے بعد جسم نیند کے لیے تیار ہو جاتا ہے۔
زمانہ قدیم میں بے خوابی کے علاج کے لیے سونف کا استعمال عام کیا جاتا تھا۔
اگربدہضمی، ہیضے یا پیٹ میں درد ہو رہا ہے تو سونف کی چائے ان مسائل سے نجات کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ گرم مشروب نظام ہاضمہ کو سکون پہنچاتا ہے۔
سونف کی چائے سے معدے کے مسلز کو سکون پہنچتا ہے جس سے قبض سے ریلیف میں مدد ملتی ہے۔
اس چائے کو پینے سے جسم کے اندر صفائی ہوتی ہے اور قبض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
سونف کی چائے سانس کی بو سے نجات کا ایک آسان ذریعہ ہے، جس کی وجہ اس کی جراثیم کش خصوصیات ہیں۔
اس مشروب سے منہ میں موجود وہ بیکٹریا ختم ہو جاتے ہیں جو سانس کی بو کا باعث بنتے ہیں۔
سونے سے قبل یا صبح بیدار ہونے کے بعد سونف کی چائے کا ایک کپ پینا سانس کی بو کو آپ سے دور رکھتا ہے۔
سونف کی چائے میں اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جن کی جسم کو مختلف امراض سے لڑنے کے لیے ضرورت ہوتی ہے۔
جب آپ یہ چائے پیتے ہیں تو یہ اینٹی آکسائیڈنٹس خون میں موجود مرکبات سے جڑ کر تکسیدی تناؤ سے لڑتے ہیں۔
اسی طرح گردوں اور جگر کا بوجھ کم کرتے ہیں، نئے خلیات بننے کا عمل تیز کرتے ہیں اور عمر میں اضافے کے آثار کو بھی کم کرتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔