پاکستان
22 فروری ، 2012

کراچی:دن میں سڑکوں پرلائے گئے50ٹرک،ٹریلزضبط، ڈرائیورزحراست میں

کراچی:دن میں سڑکوں پرلائے گئے50ٹرک،ٹریلزضبط، ڈرائیورزحراست میں

کراچی…جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد شہر میں چلنے والی پچاس سے زائد ہیوی گاڑیوں کو قبضے میں لے لیاہے۔ کراچی میں محکمہ داخلہ سندھ نے صبح سات بجے سے رات گیارہ بجے تک شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے تاہم سات بجے کے بعد بھی شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخل ہونے سے متعلق جیونیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد کمشنر کراچی کی ہدایت پر ہیوی گاڑیوں کے کلاف کارروائی شروع کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر صفی الرحمان نے بتایا کہ قبضے میں لی گئی تمام گاڑیوں کے ڈرائیورز کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور کاغذات ضبط کرلئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دن کے اوقات میں چلنے والی ہیوی وہیکل کے خلاف کارروائی جاری ہے جبکہ حراست میں لئے گئے افراد کو دفعہ 188 کے تحت عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران شہر میں ہیوی ٹریفک کے حادثات کے نتیجے میں کئی افراد اپنی جان سے بھی جاچکے ہیں، جس کے بعد کمشنر کراچی نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہیوی ٹریفک دن میں شہر کے اندر چلنے پر پہلے ہی پابندی ہے، اور اس پر سختی سے عمل در آمد کرایا جائے گا۔اس سلسلے میں انہوں نے شہریوں سے اپیل بھی کی تھی کہ دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک سڑک پر دیکھیں تو کمشنرآفس میں اطلاع کریں۔

مزید خبریں :