08 مئی ، 2023
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کی گیارہ میں سے پانچ یو سیز پیپلز پارٹی نے جیت لیں اور چار ہار گئی ہے جبکہ دو کے نتائج آنا باقی ہیں۔
سعید غنی نے جماعت اسلامی کو کراچی میں ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت بھی دے دی۔
انہوں نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی کی کراچی میں نشستیں 104 اور جماعت اسلامی کی اٹھاسی یا نواسی ہیں۔
انہوں نے دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کو دعوت ہے کہ آئیں مل کر کراچی کی خدمت کرتے ہیں۔
اس موقع پر سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ کراچی میں میئر پیپلز پارٹی کا ہو گا اگر جماعت اسلامی کو شوق ہے تو وہ ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے ہم سے رابطہ کر لیں۔
کراچی کے 7 اضلاع کی 11 یوسیز چیئرمین و وائس چیئرمین اور 15 وارڈز کی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور 11 یوسیز میں سے 5 پر پاکستان پیپلزپارٹی اور 3 پر جماعت اسلامی کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔
کراچی کے 15 میں سے 14 وارڈز کے مکمل غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق 7 وارڈز پرپیپلزپارٹی، 5 پر جماعت اسلامی جبکہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) ایک ایک وارڈ پر کامیاب ہوئی ہے۔