Time 20 مئی ، 2023
پاکستان

درجنوں ادارے آئیسکو کے نادہندہ نکلے،7 روز میں ادائیگی کا الٹی میٹم جاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے اربوں روپے کی عدم ادائیگی پر درجنوں نادہندہ اداروں کو ادائیگی کے لیے سات دن کی ڈیڈ لائن کے نوٹس بھیج دیے۔

نادہندگا ن میں پارلیمنٹ لاجز ، سی ڈی اے ، پاک سیکرٹریٹ اور پنجاب سمیت میٹروبس اور متعدد ادارے شامل ہیں۔

ترجمان آئیسکو نے کہا ہے کہ سات یوم میں بقایاجات جمع نہ کرائے تو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بجلی منقطع کر دی جائے گی ۔

 ترجمان کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کی طرف 115 ارب 88کروڑ 80 لاکھ روپے بقایا ہیں، ایم ای ایس 3ارب 39 کروڑ 30 لاکھ روپے ، سی ڈی اے نے 3 ارب 25 کروڑ 30 لاکھ روپے اداکرنے ہیں۔

 پاک سیکرٹریٹ 79 کروڑ  70 لاکھ، کیبنٹ سیکرٹریٹ 9 کروڑ 20 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے، کینٹ بورڈ  چکلالہ 99 کروڑ 70 لاکھ، کینٹ بورڈ راولپنڈی کی طرف 20کروڑ10 لاکھ روپے بقایا ہیں۔

 ترجمان کے مطابق وزارت ریلوے 17 کروڑ 60 لاکھ روپے ، پارلیمنٹ لاجز 11 کروڑروپے، این ایچ اے 4 کروڑ 10 لاکھ،پی او ایف ٹیکسلا نے 2 کروڑ30 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں۔

بلوچستان ہاؤس نے 1 کروڑ 20 لاکھ روپے اور پنجاب میٹروبس کی طرف ایک کروڑ 40 لاکھ روپے بقایاجات ہیں۔

مزید خبریں :