'طلاق کے بعد ریحام کو بربادکرنےکی ہدایات ملیں'،عظمیٰ کاردارکا چیئرمین پی ٹی آئی پرالزام

ریحام خان اور کچھ بھی ہوسکتی ہیں لیکن منافق نہیں ہوسکتی ، عمران خان کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں اس کامطلب منافقت ہے: سابق پی ٹی آئی رہنما/فوٹوفائل
ریحام خان اور کچھ بھی ہوسکتی ہیں لیکن منافق نہیں ہوسکتی ، عمران خان کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں اس کامطلب منافقت ہے: سابق پی ٹی آئی رہنما/فوٹوفائل

پاکستان  تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رہنما عظمیٰ کاردار کا کہنا ہے کہ چیئرمین  پی ٹی آئی نے ہمیں ریحام خان سے طلاق کے بعد انہیں برباد کرنے کی ہدایات دی تھیں۔

عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عظمیٰ کاردار کے انٹرویو کا ایک کلپ ری ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں میزبان نے عظمیٰ کاردار سے سوال کیا کہ ریحام اور بشریٰ دونوں میں سے چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے کون زیادہ بہتر تھیں؟

جس پر عظمیٰ کاردار  نے الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی اور  ریحام خان کی طلاق کے وقت ہم پی ٹی آئی میں تھے، اس  دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیا پر جانے والی تمام  پی ٹی آئی کی خواتین کو خاص ہدایات دی تھیں کہ آپ نے ریحام خان کی ایسی کی تیسی کرنی ہے، آپ نے ریحام خان کو پوری طرح برباد کردینا ہے  اور ریحام خان کے پرخچے اڑا دینے ہیں۔

سابق پی ٹی آئی رہنما کے مطابق’ ہم تو اس وقت آنکھوں پر پٹی باندھے چیئرمین پی ٹی آئی کے پیچھے چل رہے تھے ہم نے سوچا بھی نہیں تھا وہ بھی غلط ہوسکتے ہیں، ہم نے سوچا کہ ریحام خان نے ہی گڑ بڑ کی ہوگی، انہوں نے ہی معاملہ خراب کیا جو یہ طلاق ہوئی لیکن ہم نے یہ نہیں سوچا تھا کہ غلطی چیئرمین پی ٹی آئی کی بھی ہوسکتی ہے‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ  ’لیکن اب میں پہلی دفعہ یہ بات کروں گی کہ ریحام خان اور کچھ بھی ہوسکتی ہیں لیکن منافق نہیں ہوسکتیں، ان کی زندگی سب کے سامنے ہے، انہوں نے کسی سے کچھ نہیں چھپایا لیکن چیئرمین پی ٹی آئی کہتے کچھ  اور کرتے کچھ ہیں اس کامطلب منافقت ہے‘۔

مزید خبریں :