Time 12 جون ، 2023
پاکستان

سندھ ہائیکورٹ: میئرکراچی کے الیکشن میں منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنانےکی ہدایت

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے  میئر کراچی کے الیکشن کے موقع پرکسی بھی یوسی چیئرمین کو غیر قانونی  حراست میں  رکھنے  اور  ہراساں کرنے  سے روکتے  ہوئے  الیکشن کے روز منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں میئرکراچی کا الیکشن ملتوی کرانے سے متعلق تحریک انصاف کے  یوسی چیئرمین ذیشان عالم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور الیکشن کمیشن کے وکیل پیش عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ سندھ پولیس نے یوسی چیئرمینز کو غیرقانونی حراست میں رکھا اور  ہراساں کر رہی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کے روز منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنائی جائے، اگر کوئی ہراساں کر رہا ہے تو الیکشن کمیشن اس کے خلاف کارروائی کرے۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ گرفتار منتخب نمائندوں کی الیکشن کے روز حاضری یقینی بنائیں گے، کسی کو  غیر قانونی حراست میں نہیں رکھیں گے  اور کسی کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائےگا، ہم نےگزشتہ سماعت میں بھی عدالت کو یہ یقین دہانی کرائی تھی۔

عدالت نے سندھ حکومت اور  الیکشن کمیشن کی یقین دہانی کے بعد درخواست نمٹا دی۔

مزید خبریں :