14 جون ، 2023
میٹا کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بعد واٹس ایپ کے ونڈوز کمپیوٹرز کے لیے ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے بھی اسکرین شیئرنگ کا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ونڈوز کمپیوٹرز کے لیے واٹس ایپ کی ڈیسک ٹاپ ورژن میں اسکرین شیئرنگ فیچر بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین ویڈیو کالز کے دوران اپنی اسکرین دیگر سے شیئر کر سکیں گے۔
صارف اپنی مرضی کے مطابق پوری اسکرین یا مخصوص حصہ دوستوں سے شیئر کر سکے گا۔
یہ فیچر مئی میں اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے ڈیسک ٹاپ ورژن تک توسیع دی گئی ہے۔
یہ فیچر ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارمز جیسے مائیکرو سافٹ ٹیمز اور زوم کی طرح ویڈیو کالز کے دوران اسکرین شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
اس فیچر سے صارفین رئیل ٹائم میں اہم تفصیلات اپنے دوستوں یا جاننے والوں سے ویڈیو کالز کے دوران شیئر کر سکیں گے۔
اسکرین شیئر کرنے کے لیے صارف کو واٹس ایپ پر اپنے کسی کانٹیکٹ کو کال کرنا ہوگی۔
کال ملانے کے بعد اسکرین شیئر کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔
عموماً اس طرح کا فیچر دفتری امور میں زیادہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور تمام صارفین تک اس کی دستیابی آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں ممکن ہوگی۔