پیدل سفر کر کے مکہ مکرمہ پہنچنے والے پاکستانی نوجوان کو حج ویزہ مل گیا

عثمان ارشد نے پاکستان سے سعودی عرب کا سفر 6 ماہ 13 دن میں طے کیا— فوٹو: پاکستان حج مشن
عثمان ارشد نے پاکستان سے سعودی عرب کا سفر 6 ماہ 13 دن میں طے کیا— فوٹو: پاکستان حج مشن

مکہ مکرمہ: اوکاڑہ سے 5400 کلو میٹر کا سفر  پیدل طے کر کے مکہ مکرمہ پہنچنے والے نوجوان کو حج ویزہ مل گیا۔

عثمان ارشد نے پاکستان سے سعودی عرب کا سفر  6 ماہ 13 دن میں طے کیا۔ ‎عثمان ارشد بلوچستان،  ایران، متحد عرب امارات اور  بحرین کے راستے سعودی عرب پہنچے ہیں، ‎پاکستانی نوجوان نے پاؤں میں چھالوں کے باوجود سر زمین حجاز کیلئے سفر جاری رکھا۔

‎جب عثمان ارشد سعودی عرب پہنچے تو ان کے پاس حج کا ویزہ نہیں بلکہ عمرے کا ویزہ تھا جس کے بعد پاکستان حج مشن کی کوششوں سے عثمان ارشد کو حج کا ویزا مل گیا۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ  عثمان ارشد نوجوانوں کیلئے ایک منفرد مثال ہے، سعودی حکومت نے عثمان کے حج ویزہ کے اجراء میں اہم کردار ادا کیا ، ‎ عثمان کو عازمین حج کی سرکاری رہائش گاہ میں ٹھہرا دیا گیا ہے، حج مشن عازمین کو  ہر قسم کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔

ڈی جی حج کا کہنا تھا کہ عازمین کو رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جا رہی ہے، اس وقت 70 ہزار عازمین پاکستان سے مکہ پہنچ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی طالب علم عثمان ارشد نے اپنے سفر کا آغاز یکم اکتوبر 2022 کو اوکاڑہ سے کیا تھا اور 13 اپریل 2023 کو وہ سعودی عرب پہنچے۔

مزید خبریں :