Time 22 جون ، 2023
دنیا

ٹائی ٹینک کی باقیات دکھانے کیلئے جانیوالی آبدوز کی آخری ویڈیو سامنے آگئی

ٹائی ٹینک جہاز کی باقیات دکھانے کے لیے آبدوز ٹائٹن کے سمندر میں اترنے کی آخری ویڈیو سامنے آگئی۔

ٹائٹن کی رہنمائی کے لیے سطح سمندر پر موجود جہاز کے عملے میں شامل خاتون نے آخری لمحات پر اپنی سیلفی لی تھی جس کے پس منظر میں ٹائٹن بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

22 برس کی فوٹوگرافر  ایبی جیکسن نے ویڈیو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاحوں کو لے کر ٹائٹن رفتہ رفتہ سمندر کی تہہ میں اتر رہی ہے۔ 

خاتون نے 5 سیاحوں میں شامل فرانسیسی شہری پال ہنری کی تصویر بھی لی تھی۔ 

77 برس کے پال ہنری 37 بار ٹائی ٹینک کی باقیات کا مشاہدہ کرچکے تھے اور انہیں مسٹر ٹائی ٹینک کہا جاتا ہے۔

لاپتا آبدوز:

بحراوقیانوس میں 111 سال قبل غرق ہونے والے جہاز ٹائی ٹینک کے ملبے کا نظارہ کرنے کے لیے جانے والی لاپتا آبدوز اتوار کے روز کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اتوار کے روز سفر کے آغاز کے ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جہاز کا ملبہ نیو فاؤنڈلینڈ کے ساحل سے تقریباً 600 کلومیٹر دور ہے۔

لاپتا آبدوز میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں

آبدوز میں ٹائی ٹینک جہاز کی باقیات دیکھنے کے لیے جانے والے 5 ارکان میں سے 2 پاکستانی نژاد مسافر شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان بھی شامل ہیں، ان کے علاوہ ایک برطانوی ارب پتی اور آبدوز کے پائلٹ سمیت ایک تکنیکی ماہر آبدوز میں موجود ہیں۔

لاپتا ہونیوالے پاکستانی بزنس ٹائیکون شہزادہ داؤد کی بہن سبرینہ داؤد کا بیان:

لندن میں مقیم  شہزادہ داؤد کی بہن سبرینہ داؤد  نے کہا ہے کہ ابھی پوری توجہ صرف ریسکیو پر ہے، کسی سوال کا جواب نہیں دے سکتے۔

اسکائی نیوز سے گفتگو میں سبرینہ داؤد کا کہنا تھاکہ مشکل وقت میں نیوز چینل کی دلچسپی پر شکر گزار ہوں، نیوز چینلز کی کوریج کے سبب دنیا کو واقعے کی تفصیلات مل رہی ہیں۔

مزید خبریں :