08 جولائی ، 2023
گزشتہ برس سندھ میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے متاثرین کی بڑی تعداد اب تک کھلے آسمان تلے موسم کی سختیاں جھیلنے پر مجبور ہے۔
طوفانی بارشوں اور سیلاب کو گزرے ایک برس بیت گیا تاہم ضلع خیرپور کے تعلقہ کوٹ ڈیجی کے گاؤں دڑی موہاری میں متاثرین کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہی ہے، بے یارو مددگار متاثرین میں اتنی سکت نہیں کہ وہ اپنے بیوی و بچوں اور بوڑھے والدین کو چھت کا سایہ فراہم کرسکیں۔
مون سون بارشیں متاثرین کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن سکتی ہیں، شدید گرمی کے موسم میں خواتین و بچے مسیحائی کے منتظر ہیں۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ گھر نہیں، چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، گرمی میں مر رہے ہیں، فصل بھی خراب ہوئی، نقصان ہوا، جگہ نہیں، جھونپڑے میں بیٹھے ہیں، پنکھا نہیں، اتنے پیسے نہیں کہ چھت بنوا کر بیٹھ جائیں، بارش کے بعد سے حالات خراب ہیں، رہنے کی جگہ نہیں، گھر بنانے کے لیے پائی نہیں،کدھر جائیں۔
حکومت و فلاحی تنظیموں کی جانب سے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوششیں تو کی جارہی ہیں تاہم وسائل محدود ہونے کے باعث سیکڑوں گھرانوں کی امداد و بحالی کا کام اب بھی باقی ہے، متاثرین حکومت اور صاحب ثروت افراد سے مدد کی اپیلیں بھی کر رہے ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہےکہ اب دوبارہ بارش کا سیزن شروع ہونے والا ہے،کھلے آسمان تلے بیٹھے لوگوں کو سہارا دیا جائے،گھر بنواکر دیا جائے۔