پاکستان
02 جنوری ، 2013

پبلک اکاونٹس کمیٹی کی تمام ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت

پبلک اکاونٹس کمیٹی کی تمام ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت

اسلام آباد…پبلک اکاونٹس کمیٹی نے ایف بی آر کو تمام ٹیکس نادہندہ کو نوٹسسز جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ پی اے سی نے 1 ہفتے میں ٹیکس نادہندہ افراد کی فہرست بھی طلب کر لی ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹرینز کے ٹیکس گوشواروں کی لی کیج کی تحقیقات 10 جنوری تک مکمل کر لی جائے گی۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ندیم افضل چن کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے ایف بی آر کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا۔ ایف بی آر حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پارلیمنٹیرینز کے ٹیکس ریٹرنز لی کیج کی فارنزک تحقیقات 10 جنوری تک مکمل کر لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیٹا کی چوری کا معاملہ ہے جسے کرمنل کیس کے طور پر لے رہے ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر ارشد حکیم نے کہا ہے کہ ہم اس کے ملزم کو پکڑ کر سزا دیں گے۔ ارشد حکیم نے کہا کہ اس کیس کو ہم نظام میں بہتری لانے کے طور پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ 3 سال قبل میں نے پرویز مشرف کے ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات مانگی تھی، جسے مہیا کرنے سے انکار کر دیا گیا ۔ اس پر ارشد حکیم نے کہا کہ وہ پرویز مشرف کے ٹیکس گوشوارے پی اے سی کو دینے کو تیار ہیں۔ چیئرمین کمیٹی ندیم افضل چن نے بتایا کہ ایف بی آر کی جانب سے نیٹو سپلائی کے ذریعے اسلحہ کی ترسیل کی اجازت کے معاملے کا پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی نے نوٹس لے لیا ہے۔

مزید خبریں :