22 جولائی ، 2023
پاکستان کی ایج گروپ فٹبال ٹیمیں بھی انٹرنیشنل ایکشن میں واپسی کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی انڈر 16 اور انڈر 19 ٹیمیں اس سال ساف ایونٹس میں شرکت کریں گی، ایونٹ کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ساف انڈر 16 چیمپئن شپ یکم سے 11 ستمبر تک بھوٹان میں ہوگی جبکہ انڈر 19 چیمپئن شپ نیپال میں 21 سے 30 ستمبر تک کھیلی جائے گی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے دونوں ایونٹس میں شرکت کی تصدیق کردی ہے، ساف ایونٹس کے ڈراز ہفتے کو نکالے گئے۔ ساف انڈر 19 اور انڈر 16 چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا۔
انڈر 16 چیمپئن شپ میں پاکستان کی ٹیم کو بھوٹان اور مالدیپ کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ انڈر 19 چیمپئن شپ میں پاکستان ، نیپال اور مالدیپ کے ساتھ گروپ میں شامل ہے۔
پی ایف ایف ذرائع نے بتایا کہ انڈر 16 ٹیم کا نیشنل کیمپ اگلے ماہ لگایا جائے گا۔ کوچ سجاد محمود ریجنل ٹرائلز اور ریجنل کیمپس سے حتمی پلیئرز منتخب کریں گے۔
دوسری جانب انڈر 19 ٹیم کے کوچز جلد فائنل ہو جائیں گے، پاکستان فٹبال فیڈریشن انڈر 19 ٹیم کیلئے دو غیر ملکی کوچز سے بھی رابطے میں ہے، کوچز فائنل ہونے کے بعد اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔
ساف انڈر 19 چیمپئن شپ میں پاکستان پہلی بار شرکت کرے گا، ماضی میں یہ ایونٹ انڈر 20 کے طرز پر بھی کھیلا جاچکا ہے۔ انڈر 16 میں پاکستان نے 2011 میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ 2018 میں پاکستان انڈر 15 ایونٹ کا رنر اپ رہا تھا۔
تاہم فیفا سے معطلی کی وجہ سے پاکستان 2019 اور 2022 کی چیمپئن شپ میں شریک نہیں ہوسکا تھا۔