23 جولائی ، 2023
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں ایک بظاہر چھوٹی مگر صارفین کے لیے بہت کارآمد تبدیلی کی جا رہی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے گروپ کالز کو زیادہ بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ابھی واٹس ایپ گروپ کالز میں 32 افراد کو شامل کیا جا سکتا ہے مگر کال کا آغاز 7 یا اس سے کم افراد سے ہی ممکن ہوتا ہے۔
مگر اب واٹس ایپ کے آئی او ایس کے لیے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نئی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق میسجنگ ایپ میں اب گروپ کالز کا آغاز 15 افراد کے ساتھ ممکن ہو سکے گا۔
یہ تعداد 32 تک تو نہیں پہنچی مگر 7 افراد سے دوگنا زیادہ ضرور ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اب تک واضح نہیں کہ آخر ایک گروپ کال کا آغاز 32 افراد سے کرنا ممکن کیوں نہیں، کیونکہ کمپنی نے کبھی اس کی وضاحت نہیں کی۔
یہ نیا فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔