26 جولائی ، 2023
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی والوں کے لیے بجلی مہنگی کردی جب کہ ڈسکوز صارفین کے لیے بھی بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
نیپرا نے جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی والوں کے لیے بجلی 2 روپے 31 پیسے مہنگی کی ہے جس سے کراچی کے صارفین پر 4 ارب 30 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کے مطابق کراچی کے صارفین کو اگست میں یہ اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔
نیپرا کے حکام کے مطابق یہ اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جس کا کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر اطلاق نہیں ہوگا۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے اپنے وسائل سے 24 روپے 90 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی اور وفاق سے ملنے والی بجلی کی لاگت 11 روپے 56 پیسے فی یونٹ رہی۔
ڈسکوز کے لیے بھی بجلی مہنگی
دوسری جانب جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) صارفین کے لیے بجلی ایک روپے 81 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے جس سے ڈسکوزصارفین پر 24 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا جب کہ ڈسکوز صارفین کو بھی اگست کے بلوں میں اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔
نیپرا حکام کے مطابق جون میں چائنہ پاور ساہیوال کول پاور پلانٹ کم چلائیں گے، درآمدی ایل این جی اور مہنگے فرنس آئل سے زیادہ بجلی پیدا کی گئی ،جون میں درآمدی ایل این جی سے 10.3 فیصد زیادہ بجلی پیدا کی گئی، جون میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 95 کروڑ 70لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔