2 ہزار سال قبل ڈوب جانے والے بحری جہاز کا ملبہ دریافت

ملبے سے ملنے والی صراحیاں / فوٹو بشکریہ Carabinieri
ملبے سے ملنے والی صراحیاں / فوٹو بشکریہ Carabinieri

اٹلی کے ایک ساحلی علاقے کے قریب 2 ہزار سال سے زائد عرصے قبل ڈوب جانے والے رومی مال بردار بحری جہاز کا ملبہ دریافت کیا گیا ہے۔

ماہرین نے اسے ایک زبردست دریافت قرار دیا ہے۔

ماہرین کے خیال میں یہ بحری جہاز 21 سے 22 سو سال پرانا ہے اور اس میں متعدد قدیم رومی صراحیاں بھی درست حالت میں ملی ہیں۔

اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بحری جہاز ممکنہ طور پر اسپین سے زیتون، زیتون کا تیل، آڑو اور انجیریں لے کر اٹلی آتے ہوئے ڈوب گیا تھا۔

اس جہاز کا ملبہ اٹلی کے دارالحکومت روم سے 50 میل شمال میں Civitavecchia قصبے کے قریب ملا ہے۔

حکام نے بتایا کہ ایک رومی بحری جہاز کا ملبہ دریافت کیا گیا ہے اور اس سے قدیم بحری راستوں کا عندیہ ملتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملبے کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ یہ بحری جہاز ممکنہ طور پر قدیم رومی ادارے Cura Annonae سے تعلق رکھتا تھا۔

یہ ادارہ رومی سلطنت کے شہروں میں رہنے والے افراد کے لیے اناج درآمد کرنے کا کام کرتا تھا۔

اٹلی کے قریب بحیرہ روم کے ساحلی علاقوں میں متعدد قدیم رومی بحری جہازوں کو زیرآب دریافت کیا گیا ہے۔

2022 میں بھی ماہرین نے لگ بھگ 22 سو سال پرانے ایک بحری جہاز کے ملبے کو دریافت کیا تھا جس میں خوراک کے برتن ملے تھے۔

مزید خبریں :