01 اگست ، 2023
ہم سب اپنا لباس چند دن بعد جبکہ کچن کے برتنوں کو روزانہ دھوتے ہیں۔
مگر طویل دن کے اختتام پر ہم بستر پر لیٹ کر سو جاتے ہیں اور اس پر موجود چادر کے بارے میں سوچتے بھی نہیں۔
تو آخر بستر کی چادر یا بیڈ شیٹ کو کتنے دن بعد بدلنا چاہیے؟
ایک سروے میں دریافت کیا گیا تھا کہ 91 فیصد افراد بستر کی چادر کو 15 دن سے قبل بدلنے کا سوچتے بھی نہیں، مگر طبی ماہرین اس بارے میں کیا کہتے ہیں؟
طبی ماہرین کی جانب سے بستر کی چادر کو ہر ہفتے بدلنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک ہفتے کے اندر چادر پر فضلے کے اجزا، پولن، مردہ انسانی خلیات اور ڈسٹ مائٹس سمیت ایسا بہت کچھ جمع ہو جاتا ہے جو ہماری آنکھوں کو نظر نہیں آتا۔
دن بھر میں اوسطاً ہر انسان کے جسم سے 50 کروڑ خلیات کا اخراج ہوتا ہے جو ڈسٹ مائٹس کی خوراک بنتے ہیں۔
امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی کے مطابق اگر بستر کی چادر کو ہر ہفتے نہ بدلا جائے تو انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر پیشاب کی نالی کی سوزش، جِلد کا انفیکشن اور نمونیا کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ضروری نہیں کہ چادر نہ بدلنے سے اوپر درج بیماریوں کا سامنا ہو مگر اس کا امکان ضرور بڑھتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ کیل مہاسوں اور جِلد کے دیگر مسائل کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔
کچھ افراد کو بستر کی چادر زیادہ جلدی بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس حوالے سے مختلف عناصر کو مدنظر رکھنا چاہیے جیسے الرجیز یا دمہ کے شکار افراد کو بستر کی چادر ہر 3 سے 4 دنوں میں بدل دینی چاہیے۔
اسی طرح جِلدی انفیکشن کا سامنا ہو تو بھی چادر کو چند دنوں بعد بدل دینا چاہیے۔
بہت زیادہ پسینے کا اخراج ہونے اور بستر پر کھانا کھانے پر بھی چادر کو 3 سے 4 دن بعد بدل دینا چاہیے۔
ماہرین کی جانب سے ہر ہفتے چادر کو بدلنے کا مشورہ دیا جاتا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اسے فوراً دھونا بھی ضروری ہے۔
چادر کو دھونے کے لیے گرم پانی کا استعمال کرنا چاہئے تاہم ایسا کرنے سے پہلے اس پر دیئے گئے لیبل پر ہدایات کو بھی ضرور دیکھ لیں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔