Time 30 جولائی ، 2023
صحت و سائنس

کینسر جیسے مرض سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں؟ تو یہ آسان عادت آج ہی اپنالیں

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

اگر آپ خود کو کینسر جیسی جان لیوا بیماری سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو روزانہ محض 4 سے 5 منٹ سخت جسمانی سرگرمیوں کے لیے نکالنا مت بھولیں۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزمرہ کے کاموں کے دوران 4 سے 5 منٹ کی سخت جسمانی سرگرمیوں سے کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ 32 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 22 ہزار ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے اور ان کی روزانہ کی جسمانی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 7 سال تک لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ 4 سے 5 منٹ کی سخت جسمانی سرگرمیوں سے کینسر کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

مختلف نوعیت کی سرگرمیاں جیسے گھر کا کام، دکان سے بھاری سامان اٹھا کر گھر آنا، بہت تیزی سے چلنا یا بچوں کے ساتھ بھاگ دوڑ کے کھیل وغیرہ سے کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش نہ کرنے والے بالغ افراد میں بریسٹ، آنتوں یا کینسر کی دیگر اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے، مگر عام جسمانی سرگرمیوں سے ان سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

محققین کے مطابق ہم جانتے ہیں کہ درمیانی عمر کے بیشتر افراد ورزش کرنے کے عادی نہیں ہوتے جس کے باعث ان میں کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسے افراد روزمرہ کی زندگی میں چند منٹ سخت جسمانی سرگرمیوں کے لیے نکال لیں تو اس جان لیوا بیماری سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دن میں محض 4 سے 5 منٹ کی ان سرگرمیوں کے مثبت اثرات حیران کر دینے والے ہیں، درحقیقت یہ بھی ضروری نہیں کوئی کام مسلسل 4 سے 5 منٹ کیا جائے، ایک، ایک منٹ کی سرگرمیوں سے بھی کینسر کی مختلف اقسام کا خطرہ 18 سے 32 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ سخت جسمانی سرگرمیوں کا وقت جتنا زیادہ ہوگا، کینسر سے بچنے میں اتنی زیادہ مدد ملے گی۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل JAMA Oncology میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل جولائی 2023 میں جرنل JAMA Network Open میں شائع ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ کارڈیو ورزشیں کرنے کے عادی مردوں میں کینسر کی چند عام ترین اقسام کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

درحقیقت اچھی کارڈیو فٹنس سے پھیپھڑوں، مثانے یا آنتوں کے کینسر سے موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

کارڈیو فٹنس سے مراد ورزش کرتے ہوئے جسم کی آکسیجن کو جذب کرنے اور مسلز سمیت اعضا تک پہنچانے کی صلاحیت ہے۔

کارڈیو ورزشیں تیز رفتاری سے چہل قدمی، دوڑنے، تیراکی، سیڑھیاں چڑھنے اور سائیکل چلانے جیسی سرگرمیوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔

ان ورزشوں سے دل کی دھڑکن کی رفتار تیز ہو جاتی ہے جبکہ سانس پھول جاتی ہے، جس سے دل اور نظام تنفس سے جڑی صحت بہتر ہوتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ جسمانی سرگرمیاں جان لیوا امراض جیسے کینسر اور امراض قلب سے بچانے کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔

مزید خبریں :