ویڈیو: شدید بارشوں کے باوجود دلہا دلہن پانی میں ڈوبے چرچ میں شادی کیلئے پہنچ گئے

فلپائن میں ایک جوڑا بارش اور سیلابی صورت حال کی پروا نہ کرتے ہوئے پانی میں ڈوبے چرچ میں شادی کرنے کیلئے پہنچ گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن کے صوبے بولاکان میں دو طوفانوں کی وجہ سے صوبے بھر میں شدید بارشیں ریکارڈ کی گئیں جس کی وجہ سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور بیشتر علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔

سیلابی صورت حال نے جہاں نظام زندگی کو متاثر کیا وہیں ایک جوڑا ایسا بھی تھا جس  نے سیلاب کی پروا نہ کرتے ہوئے اپنی شادی کی تقریب کو ملتوی نہیں کیا اور طے  شدہ تاریخ پر ہی شادی کی۔

سوشل میڈیا پر  اس جوڑے کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جوڑا  پانی میں ڈوبے چرچ میں شادی کرنے کیلئے پہنچا ہوا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہا دلہن کے ساتھ ان کے رشتے دار بھی موجود ہیں اور سب تقریباً  ٹخنوں تک پانی میں ہی شادی کی تقریب میں شریک ہیں۔

اس موقع پر دلہن کی جانب سے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا  گیا کہ جب ہم نے چرچ کو پانی میں ڈوبا ہوا دیکھا تو ہم نے ہر حال میں اپنی شادی کی تقریب کو کرنے کی ٹھانی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہا دلہن نے عروسی لباس زیب تن کیا ہوا ہے اور ہاتھ میں گل دستہ بھی تھاما ہوا ہے جبکہ دلہن کے لباس کو پانی میں ڈوبے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :