04 اگست ، 2023
کراچی: پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے باوجود الفلاح کے علاقے میں ہونے والے جعلی مقابلے میں زخمی دونوں بھائی زیر حراست ہیں۔
زیر حراست بھائیوں کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں داخل شدید زخمی فہیم احمد کی نگرانی پر تاحال پولیس تعینات ہے، بھائی نور محمد زخمی ہونے کے باوجود پولیس کی حراست میں تھانے میں ہے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پولیس مقابلہ جعلی اور پولیس کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے باوجود شنوائی نہیں ہو رہی، مقابلے میں ملوث پولیس اہلکار دھمکیاں دے رہے ہیں اور بچوں کی رہائی کے لیے صلح کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
بلوچستان کے نور محمد اور بھائی فہیم کو 27 جولائی کو جعلی مقابلے میں گولیاں ماری گئی تھیں جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔
پولیس کی تحقیقات میں مقابلہ جعلی ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور مقدمے میں ایس ایچ او ہدایت اللہ، کانسٹیبل جنید اور ثاقب نامزد ملزم ہیں جو زیر حراست ہیں۔