پاکستان
05 جنوری ، 2013

کراچی میں گیس پریشر کم، گھریلو صارفین کو مشکلا ت، نمائش پر احتجاج

کراچی میں گیس پریشر کم، گھریلو صارفین کو مشکلا ت، نمائش پر احتجاج

کراچی … کراچی میں سوئی سدرن کی کمزور لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے سبب گھروں میں گیس پریشر کم ہوگیا، مختلف علاقوں میں اس مسئلے نے لوگوں کو پریشان کردیا، لوگوں کی شکایت ہے کہ بل تو آرہا ہے پر گیس نہیں، اس صورتحال کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے، ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی پر خواتین نے احتجاج کرکے روڈ بلاک کردیا۔ کراچی والوں کی ابھی سی این جی اسٹیشنز کے باہر قطاروں میں کھڑے ہونے کی تھکن اتری نہ تھی کہ ایک اور مصیبت نے انہیں آن گھیرا، گھروں میں گیس پریشرمیں کمی نے یہاں کے لوگوں کو عذاب میں مبتلا کردیا ۔ مختلف علاقوں کے مکین یہی شکایت کرتے نظر آئے۔ کلفٹن، ڈیفنس، گلشن معمار، گلشن اقبال ، گولیمار اور دیگر علاقوں میں بھی گیس پریشر کم رہا، جس کی وجہ سے لوگوں کو ناشتہ اور کھانا بنانے میں مشکل کا سامنا ہے۔ لائنز ایریا میں تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ بلوں کی ادائیگی کے باوجود کئی دنوں سے گیس کی بندش نے انہیں سڑکوں پر آنے پر مجبور کردیا، علاقہ مکینوں نے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کیا اور ٹائر جلائے۔ اس احتجاج میں خواتین کی بڑی تعداد بھی تھی۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک بھی روک دیا۔ سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے غیر اعلانی گیس لوڈ شیڈنگ پر عوام کو شدید غصہ ہے، سب کا یہی مطالبہ ہے کہ صحیح لوڈ مینجمنٹ کرکے انہیں اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔

مزید خبریں :