05 جنوری ، 2013
راولپنڈی … انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کر دی ، امریکی صحافی مارک سیگل آج اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے پیش نہیں ہوئے۔ راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمان نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کے ملزمان کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل کیا۔ دوران سماعت امریکی صحافی مارک سیگل کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار نے عدالت کو بتایا کہ مارک سیگل کو جاری سمن کی تعمیل نہیں ہو سکی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں مقدمے کی سماعت روزانہ یا کم از کم ہفتے میں 3 دن کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی جس پر وکلاء صفائی کے اعتراض کے بعد اسے مسترد کر دیا گیا۔ درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا تھا کہ سلمان تاثیر کے قتل کا ٹرائل ایک سال میں مکمل کرنے والی عدالت اس مقدمے کا ٹرائل 5 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں کر سکی لہٰذا عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں مقدمے کا جلد فیصلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ سابق وزیراعظم کے کیس کا بھی جلد فیصلہ سنایا جائے۔