05 جنوری ، 2013
پشاور … وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ کوہستان میں ناچ گانے کی محفل میں تالیاں بجانے والی لڑکیوں کی ویڈیومنظر عام پر آنا دشمنی کا باعث بنا، لڑکیاں زندہ ہیں، پولیس کو ہدایت کردی گئی ہے کہ ملزموں کو ہرصورت گرفتار کیا جائے۔ پشاورمیں جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی لڑکیاں زندہ ہیں جس کی گواہی پورے گاوٴں نے دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کا منظر عام پر آنا دشمنی کاباعث بنا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی آرمیں 18 افراد کو نامزد کیاگیا ہے، پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ 3 لڑکوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروا کر انہیں امانتاً دفن کیا گیا ہے اور اگر لواحقین لاشوں کودفن کرنے کیلئے لے جانا چاہتے ہیں تو ان کو مکمل اجازت ہے۔