27 اگست ، 2023
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) کی جانب سے جاری نئی عالمی رینکنگ میں پاکستان ٹیم نے ایک درجہ بہتری کے بعد 15 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔
ایف آئی ایچ کی 2018 سے 2022 تک 4 سالوں کے عرصے کے دوران رینکنت میں پاکستان ہاکی ٹیم 17 ویں اور 18 ویں پوزیشن پر رہی۔
گزشتہ ایک سال اگست 2022 تا اگست 2023 میں پاکستان ہاکی نے انٹرنیشنل ایونٹس میں کارکردگی کے ذریعہ درجہ بہ درجہ ترقی کرتے ہوئے اپنی انٹرنیشنل رینکنگ بہتر بنالی ہے۔
سال 2022-2023 میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے انٹرنیشنل ایونٹس میں بھجوائی جانے والی پاکستان ہاکی ٹیموں نے اپنی انٹرنیشنل رینکنگ 18 ویں سے 15 ویں پوزیشن پر بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سینیئر ہاکی ٹیم نے ملائشیا میں ہونے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
جونیئر ٹیم نے جونیئر ایشیا ہاکی کپ میں سلور میڈل حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کیلئے بھی کوالیفائی کیا جوکہ دسمبر 2023 میں ملائشیا میں کھیلا جائیگا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے ایف آئی ایچ ایونٹ پرولیگ میں شرکت نہ کرنے کے باعث 2018 میں پوائنٹس کی کٹوتی کی صورت میں انٹرنیشنل ہاکی رینکنگ میں 12 ویں سے 18 ویں پوزیشن کی تنزلی ہوئی تھی۔